پارکوں ،عوامی مقامات کی خوبصورتی کیلئے اقدامات کا حکم
کوٹ ادو کوشاداب اور دلکش بنانے کیلئے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں ـ؛ بلال سلیم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے شہر کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم قدسیہ ناز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ میڈم انعم حفیظ، اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل اور اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید جام محمد اسلم بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے پارک اور دیگر عوامی مقامات کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ سبزہ کاری، پھولوں کی لگائی، روشنیوں کی زیبائش اور صفائی و ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف شہر کی خوبصورتی بڑھائیں گے ۔بلکہ عوام کی صحت میں بھی اہم کردار ادا کریں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تاکید کی کہ منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں تاکہ کوٹ ادو ایک سرسبز، شاداب اور دلکش شہر کے طور پر ابھرے ۔