گرانفروشی کیخلاف گرینڈ آپریشن، لاکھوں روپے جرمانہ
اوورچارجنگ، ذخیرہ اندوزی پر کارروائیاں،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک
ملتان(وقائع نگار خصوصی )ماہِ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ 10 روز کے دوران ضلع بھر میں 19 ہزار سے زائد انسپکشنز مکمل کیں۔ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے دوران 29 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ خلاف ورزیوں پر 24 لاکھ 42 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ مختلف مارکیٹس، کریانہ سٹورز، سبزی و فروٹ شاپس اور ہول سیل پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی، اوورچارجنگ اور ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے 51 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی ٹاسک سونپتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ماہِ رمضان میں کسی کو بھی من مانے نرخ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرکاری ریٹس لسٹ پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔