پٹرولیم مصنوعات مہنگی، مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو ماہرین معیشت نے روزمرہ اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور صنعتی لاگت میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا ہے ، جس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں تک پہنچنے کا امکان ہے ۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے سب سے پہلے ٹرانسپورٹ سیکٹر متاثر ہوتا ہے اور کرایوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔ یہی اضافہ سبزیوں، پھلوں، آٹے ، چینی اور دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں شامل ہو کر عوام کے لیے مزید بوجھ بن جاتا ہے ۔ دیہاڑی دار طبقہ، مزدور پیشہ افراد اور محدود آمدن والے گھرانے اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ ان کی آمدن میں اضافہ نہیں ہوتا جبکہ اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں۔تاجر تنظیموں اور صنعتکاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مال برداری اور پیداواری لاگت بڑھنے سے اشیاء مہنگی ہو سکتی ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات، ریلیف پیکجز اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عام آدمی کو مزید معاشی دباؤ سے بچایا جا سکے ۔