سحر وافطار میں گیس لوڈشیڈنگ ،شہریوں کو مشکلات
کم پریشر کی بھی شکایات، شہریوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، احتجاج
ملتان (خصوصی رپورٹر)رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں شدت آنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ سحری اور افطاری جیسے اہم اوقات میں گیس کی فراہمی بند یا انتہائی کم پریشر پر ہوتی ہے جس کی وجہ سے کھانا تیار کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں جہاں گھروں میں سحری اور افطاری کی تیاری کے لئے گیس کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے ، وہیں انہی اوقات میں گیس کی بندش نے روزہ داروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ کئی علاقوں میں خواتین کو متبادل ذرائع استعمال کرنا پڑ رہے ہیں جبکہ بعض گھروں میں سحری اور افطاری کی تیاری بروقت ممکن نہیں ہو پا رہی۔مقامی افراد اور سماجی حلقوں نے حکومت اور گیس فراہم کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس نہ لیا گیا تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور گیس پریشر کو معمول پر لایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔