رمضان انتظامات ، مظفرگڑھ میں ڈیڑھ لاکھ گھرانوں کو امداد
معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا دورہ، اجلاس کی صدارت، سہولت بازار کا معائنہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول اور رمضان انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ بعد ازاں انہوں نے رمضان سہولت بازار کا بھی معائنہ کیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں رمضان کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان نگہبان بازاروں میں اشیائے خوردونوش عام مارکیٹ اور نوٹیفائیڈ نرخوں سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق یکم رمضان سے اب تک ضلع بھر میں 25 ہزار 908 انسپکشنز کی گئیں جن میں 424 گرانفروشی کے کیسز سامنے آئے ۔ اس دوران گرانفروشوں کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 51 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3 مقدمات درج کیے گئے اور 71 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث 15 کاروباری مراکز سیل کیے گئے جبکہ ضلع بھر میں 39 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے رمضان انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت نگہبان کارڈ کے ذریعے مستحق افراد کو خریداری اور نقد رقم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ مستحق گھرانوں کو مالی معاونت دی جا رہی ہے جبکہ صوبہ بھر میں 45 لاکھ گھرانوں کو اس پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ۔