سیف سٹی کیمرے توڑنے کے واقعات، املاک کو نقصان

سیف سٹی کیمرے توڑنے کے واقعات، املاک کو نقصان

نامعلوم افراد نے دو کیمرے توڑ دئیے ، ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے پول بھی گرگیا

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر میں سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کیمروں کو نقصان پہنچانے کے واقعات سامنے آئے ہیں جس پر پولیس نے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ منیجر سیف سٹی کوٹ ادو محمد اویس نثار نے پولیس کو درخواست دی کہ دوران چیکنگ انہوں نے دیکھا کہ سیف سٹی کے دو کیمرے ٹوٹے ہوئے ہیں جن کے پول نمبر KAD-18 اور KAD-03 ہیں۔ نامعلوم افراد نے جان بوجھ کر کیمروں کو توڑ کر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔پولیس نے درخواست پر مقدمہ درج کر کے ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے ۔اس سے قبل بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آ چکا ہے جس میں نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی نے کوٹ ادو کے کالی پل پر نصب سیف سٹی پول نمبر KAD-01 کو ٹکر مار کر توڑ دیا تھا جس سے تقریباً تین لاکھ ستر ہزار روپے کا نقصان ہوا تھا۔سیف سٹی حکام نے واقعہ کی رپورٹ پولیس کو دی جس پر دونوں واقعات کے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں