مظفرگڑھ میں سپیشل ایجوکیشن سکول کی نئی بس کا افتتاح
مستحق طلباو طالبات کو وردیاں اور جوتے ودیگر سہولتیں بھی فراہم کر دی گئیںخصوصی بچوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،اجمل خان چاندیہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ نے وزیرِ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مظفرگڑھ میں سپیشل ایجوکیشن سکول کی نئی بس کا افتتاح کیا۔ اجمل خان چانڈیہ نے سکول کی طالبات سے بس کا افتتاح کرایا، جس پر طلبا و طالبات کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔تقریب میں سکول کے مستحق بچوں کو نئی وردیاں اور جوتے بھی دیے گئے ۔ اجمل خان چانڈیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سپیشل بچوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ معیاری اور آرام دہ سفر سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں پنجاب کا دوسرا بڑا سنٹر آف ایکسیلنس آٹیزم سکول بنایا جا رہا ہے تاکہ سپیشل بچوں کی تعلیم اور تربیت بہتر انداز میں ممکن ہو سکے ۔ اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ سپیشل بچے ہمارے دل کے قریب ہیں اور ان کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر پرنسپل سپیشل ایجوکیشن سکول مس نائلہ نجم الحسن، دیگر سٹاف اور بچوں کے والدین بھی موجود تھے ۔ بچوں کے والدین نے خصوصی طور پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔