سرائیکی زبان ہماری پہچان اور صدیوں پر محیط ثقافتی ورثہ
زبان کے فروغ کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہوں گی، ڈی سی بلال سلیم کا پیغام
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سرائیکی ڈے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سرائیکی زبان اور ثقافت ہماری شناخت اور خطے کی صدیوں پر محیط تہذیبی وراثت کی عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی زبان محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے اور اس کے فروغ سے ہماری ثقافتی شناخت مزید مضبوط ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب کے لوگ اپنی زبان، ادب، موسیقی اور روایات کے ذریعے پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ سرائیکی زبان کے فروغ اور اس کے تحفظ کیلئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل بھی اپنی اس خوبصورت زبان اور ثقافت سے آگاہ رہ سکے ۔ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے کہا کہ سرائیکی ڈے ہمیں اپنی زبان اور ثقافت سے محبت کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے سرائیکی وسیب کے تمام لوگوں کو اس دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ باہمی اتحاد، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی مضبوطی اور امن کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی زبان، ثقافت اور روایات کو زندہ رکھیں اور نئی نسل تک منتقل کریں۔ سرائیکی زبان اور ثقافت کے تحفظ کیلئے اجتماعی کوششیں ہی اس خطے کی تہذیبی شناخت کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔