وہاڑی،انور آباد میں بدبودار پانی شہریوں کیلئے وبال جان
بچوں اور بزرگوں میں پیٹ اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ، نوٹس کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) انور آباد کے شہری سرکاری سپلائی کے بدبودار اور گندے پانی سے شدید پریشان ہیں۔ کئی روز سے آنے والا پانی نہ صرف بدبو دار ہے بلکہ اس کا رنگ بھی بدل گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی اتنا خراب ہو چکا ہے کہ اسے پینے یا گھریلو استعمال کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ مجبوراً انہیں باہر سے پینے کا پانی خریدنا پڑ رہا ہے ، جس سے اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔اہل علاقہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آلودہ پانی کے استعمال سے خصوصاً بچوں اور بزرگوں میں پیٹ اور دیگر بیماریوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیا جائے ، پانی کے نظام کو چیک کیا جائے اور صاف و محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام اس سنگین مسئلے سے نجات حاصل کر سکیں۔