بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 216 افراد پکڑے گئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے رواں ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 216 افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔
کارروائیوں کے دوران 123 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ 27 افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔میپکو حکام کے مطابق بجلی چوری میں ملوث صارفین کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 27 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 36 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ موقع پر ہی وصول کر لیا گیا۔چیف انجینئر/کسٹمر سروسز ڈائریکٹر سید جواد منصور احمد کے مطابق یکم تا 6 مارچ 2026 کے دوران ملتان سرکل میں 34 بجلی چوروں کو پکڑ کر مقدمات درج کروائے گئے اور 21 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان سرکل میں 28 افراد کے خلاف بجلی چوری پر ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 17 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔وہاڑی سرکل میں 7 بجلی چوروں کو 7 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ایک مقدمہ درج ہوا، جبکہ بہاولپور سرکل میں 27 افراد کو 19 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے 18 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ساہیوال سرکل میں 38 صارفین کو 99 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔رحیم یار خان سرکل میں 27 صارفین کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں موقع سے گرفتار کیا گیا اور 8 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مظفرگڑھ سرکل میں 14 بجلی چوروں کو 7 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ اور 9 مقدمات درج کئے گئے ۔