علی پور چٹھہ: رکشوں کے ناجائز اڈے ٹریفک جام
شہر میں رکشوں اور گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ ،گھنٹوں ٹریفک جام، راہگیروں اور خاص طو رپر عید کی خریداری کیلئے آ نے والوں کو مشکلات کا سامنا
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں خوبصورتی اور ٹریفک کی بہتری کیلئے بنائے گئے ماڈل رکشہ سٹینڈ پر مبینہ طور پر ناجائز رکشہ اڈہ قائم ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ،ٹریفک جام معمول بن گیا جس کے باعث راہگیروں اور بالخصوص عید کی خریداری کے لیے آنے والے خریداروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔حکومت پنجاب کی ہدایات پر شہر کے مختلف بازاروں اور چوکوں کی خوبصورتی کیلئے برقی قمقموں کے ساتھ لوہے کے خوبصورت دروازے نصب کیے گئے تھے ، تاہم اللہ ہو چوک کے قریب ماڈل رکشہ سٹینڈ کے سامنے لگائے گئے دروازوں کے مقام پر رکشہ ڈرائیوروں نے مبینہ طور پر غیر قانونی اڈہ قائم کر لیا ، اس کے باعث سارا دن ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے اور اکثر اوقات گاڑیاں گھنٹوں جام میں پھنسی رہتی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی خریداری کے دنوں میں بازاروں میں رش بڑھ جاتا ہے جبکہ رکشوں اور گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے ۔ شہریوں نے شکایت کی کہ ٹریفک وارڈنز زیادہ تر چالان کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں لیکن ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ شہریوں کے مطابق سی ٹی او گوجرانوالہ کی جانب سے ناجائز پارکنگ کے خلاف کارروائی کے لیے لفٹر بھی فراہم کیا گیا ہے مگر اس کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے اور ٹریفک مسائل میں کمی نہیں آ سکی۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سی ٹی او سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیں، ناجائز رکشہ اڈ ا ختم کر ائیں اور فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔