یوم علیؓ کے سلسلے میں سالڈویسٹ کے انتظامات مکمل
زائرین کی سہولت کے لئے صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے اضافی سینیٹری عملہ و مشینری بھی مرکزی جلوس کے لئے تعینات کی جائے گی
کراچی(اسٹاف رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی صدارت میں 21 رمضان یومِ شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں تمام امور بہترین انداز سے انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں سیکریٹری نوروز عباسی، کے علاوہ تمام متعلقہ افسران اور کمپنیز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف اورمرکزی جلوس کے راستوں کی صفائی ستھرائی، پانی کا چھڑکاؤ اورچونے کا چھڑکاؤیقینی بنایاجائے ۔ متعلقہ افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ جلوس کے راستوں نشتر روڈ سے حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ و دیگر چھوٹے بڑے جلوس کے راستوں پرزائرین کی سہولت کے لئے صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی کے پیش نظر شکایتی کیمپ کی اجازت ملنے پر مختلف جگہوں پر شکایتی کیمپ بھی لگا دیئے جائیں گے ۔ جبکہ اضافی سینیٹری عملہ و مشینری بھی مرکزی جلوس کے لئے تعینات کی جائے گی ان علاقوں میں بالخصوص ضلع شرقی اور ضلع جنوبی میں نمائش چورنگی، نشتر روڈ، ایم اے جناح روڈ، جمشید روڈ، شاہ نجف روڈ، کھارادر و دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں۔ رابطہ نمبر1128اور ایپ پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایاجائے گا اور تمام شکایات مانیٹر کی جائیں گی۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے شہریوں کوریلیف فراہم کرنے کے لئے بلدیاتی اداروں و دیگر اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔