سٹرکچر پلان روڈز:اراضی کے بدلے مفت تجارتی سہولت ختم کرنیکا فیصلہ

سٹرکچر پلان روڈز:اراضی کے بدلے مفت تجارتی سہولت ختم کرنیکا فیصلہ

مسنگ لنکس کی تعمیر کے دوران اراضی کے عوض مکمل کمرشل رائٹس دینے کے باعث اربوںریونیو سے محرومی کا سامنا رہتا نئی پالیسی کے تحت سٹرکچر پلان روڈ کا مسنگ لنک تعمیر کرنا ہوگا تو اس کیلئے اراضی خزانے سے ادائیگی کر کے باقاعدہ ایکوائر کی جائیگی

لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے نے سٹرکچر پلان روڈز کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے مفت کمرشل رائٹس دینے کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔مسنگ لنکس کی تعمیر کے دوران ایکوائر کی گئی اراضی کے عوض سو فیصد کمرشل رائٹس دینے کی پرانی پالیسی ختم کرنے کی ابتدائی منظوری ہوگئی،پالیسی کی حتمی منظوری کے لیے سمری پنجاب کابینہ کو ارسال کر دی ہے ۔اس اقدام سے اتھارٹی کو سالانہ اربوں روپے کے ممکنہ ریونیو نقصان سے بچایا جا سکے گا۔ دستاویزات کے مطابق لاہور میں شہری ترقی اور مالی نظم و ضبط کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایل ڈی اے نے سٹرکچر پلان روڈز سے متعلق اپنی پالیسی میں بڑی تبدیلی تجویز کر دی ہے ۔ اتھارٹی نے مسنگ لنکس کی تعمیر کے دوران ایکوائر کی گئی اراضی کے بدلے سو فیصد مفت کمرشل رائٹس دینے کی پالیسی ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں سمری منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کو ارسال کر دی ہے ۔ذرائع کے مطابق ماضی میں سٹرکچر پلان روڈز کے مسنگ لنکس کی تعمیر کے دوران جن مالکان سے اراضی حاصل کی جاتی تھی ،انہیں اس کے عوض مکمل کمرشل رائٹس دے دیے جاتے تھے جس کے باعث اتھارٹی کو اربوں روپے کے ممکنہ ریونیو سے محرومی کا سامنا رہتا تھا۔نئی مجوزہ پالیسی کے تحت مستقبل میں اگر کسی بھی مقام پر سٹرکچر پلان روڈ کا مسنگ لنک تعمیر کرنا ہوگا تو اس کے لیے اراضی مفت کمرشل رائٹس دینے کے بجائے سرکاری خزانے سے ادائیگی کر کے باقاعدہ طور پر ایکوائر کی جائے گی۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق اس اقدام سے اتھارٹی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور ماضی میں ہونے والے مالی نقصانات کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد سٹرکچر پلان روڈز پر کمرشل رائٹس دینے کی پالیسی میں باقاعدہ تبدیلی نافذ کر دی جائے گی جس کے بعد مستقبل میں زمین کے عوض مفت کمرشل رائٹس دینے کا طریقہ کار ختم ہو جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں