کفایت شعاری،ایندھن بچت مہم پر عمل کیا جائے، آئی جی موٹر وے
عید کے دوران زائد کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چودھری کی زیر صدارت موٹروے پولیس کی ماہانہ ریجنل کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کے مختلف زونز سے ایڈیشنل انسپکٹرز جنرل اور ڈپٹی انسپکٹرز جنرل نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ملک بھر کے تمام زونز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ اہم آپریشنل امور، ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر آئندہ کے لائحہ عمل اور مؤثر حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا آئی جی موٹروے پولیس نے ہدایت کی کہ موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے عید کے دوران پبلک سروس وہیکلز کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی، اوور لوڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد اور پبلک سروس وہیکلز کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور روٹ پرمٹس کی سخت جانچ پڑتال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔