پاکستان ، بنگلہ دیش کے تعلقات میں خرابی کے پیچھے بھارت ملوث رہا،گورنر
کراچی (آئی این پی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں خرابی کے پیچھے بھارت ملوث رہا۔
آج ایک بار پھر پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کے رشتے مضبوط ہو رہے ہیں۔گورنر ہاؤس میں مختلف مذاہب اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں 19ویں افطار و ڈنر کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد صادق صداقت نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ مختلف مذاہب، قومیتوں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گورنر سندھ نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ پاکستان میں پیدائش سے مقیم بنگالی برادری کو درپیش مسائل، خصوصاً شناختی کارڈ کے مسئلے کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے ۔