وزیر توانائی سے جرمن ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات
منصوبے کے تحت مختلف سرکاری اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) صوبائی وزیر توانائی پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سے جرمن ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں، خصوصاً شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاہدے کے تحت پنجاب میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے 15 ملین یورو گرانٹ فراہم کی جائے گی اور منصوبے کے تحت پنجاب کے مختلف سرکاری اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق 24 ٹیچنگ و ٹرشری کیئر ہسپتالوں اور 6 دانش سکولز کی سولرائزیشن کی جائے گی جس سے مجموعی طور پر 21.119 میگاواٹ شمسی توانائی پیدا کی جا سکے گی۔ اس منصوبے کے نتیجے میں حکومت پنجاب کو سالانہ تقریباً 1.5 ارب روپے کی بچت متوقع ہے جبکہ ماحول دوست اور پائیدار توانائی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا ہوگا۔