یوم حضرت علیؓ پر سکیورٹی ہائی الرٹ،روٹس پر اضافی نفری تعینات کرنیکا حکم
سی پی او کی زیر صدارت اجلاس،جلوسوں،مجالس میں شمولیت کیلئے تھری لیئرز جامہ تلاشی کے بعد شمولیت کی ہدایت، چھتوں پر سنائپرز، پولیس اہلکار تعینات کرنے کے احکامات
ملتان(کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علیؑ کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران یوم حضرت علی ؓ پرسکیورٹی ہائی الرٹ، روٹس پر اضافی نفری تعینات کرنیکاحکم دیا گیا ۔سی پی او کی زیر صدارت اجلاس میں جلوسوں،مجالس میں شمولیت کیلئے تھری لیئرز جامہ تلاشی کے بعد شمولیت کی ہدایت، چھتوں پر سنائپرز، پولیس اہلکار تعینات کرنے کے منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز حیدر علی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد طاہر بھی سی پی او کے ہمراہ موجود تھے ۔ اس کے علاوہ ایس پی گلگشت ڈویژن سیف اللہ گجر، ایس پی صدر ڈویژن بدر منیر، ایس پی کینٹ ڈویژن کائنات اظہر، ایس پی سٹی ڈویژن خدیجہ عمر اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جلوسوں و مجالس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے افسروں کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔