ڈی پی او آفس سرگودھا میں کھلی کچہری کا انعقاد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) آر پی او محمدشہزاد آصف خان نے ڈی پی او آفس سرگودھا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈی پی او محمد صہیب اشرف اور ایس پی انوسٹی عمران چدھڑ بھی موجود تھے ۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست بیان کیں جن پر متعلقہ افسران کو فوری اور میرٹ پر کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ آر پی او نے واضح کیا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پولیس دفاتر اور تھانوں میں آنے والے شہریوں کو عزت و احترام سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے فوری حل کو یقینی بنائیں۔