یومِ شہادت حضرت علیؓ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)یومِ شہادت حضرت علیؓ پر ریجن بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ،
ریجن میں 28 جلوس اور 114 مجالس کی سکیورٹی کیلئے 3907 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے ۔ ریجن کے تمام اضلاع میں جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 900 مرد و خواتین رضاکار بھی پولیس کے شانہ بشانہ ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے ۔آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے تمام ضلعی پولیس افسر وں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ اس سلسلے میں واک تھرو گیٹس کی تنصیب، شرکا کی مکمل باڈی سرچ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ، روف ٹاپ ڈیوٹی، جلوسوں کے روٹس کی پیشگی سوئپنگ اور مؤثر ناکہ بندی کو یقینی بنایا جائے ۔ آر پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ شہادت حضرت علی ؓکے موقع پر گوجرانوالہ ریجن میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔