گیپکو ہزاروں ڈیڈڈیفالٹرز سے ایک ارب 60 کروڑ کے واجبات ریکور کرنے میں ناکام
افسر ہیڈ کوارٹرز میں میٹنگز میں مصروف جبکہ لائن سپرنٹنڈنٹ اور ٹیکنیکل عملہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کو تحفظ دینے لگا،بااثر نا دہند گان سے ریکوری کیلئے جائیدادیں ضبط کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گیپکوافسر ریجن میں ہزاروں ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات کی ریکوری میں ناکام،وزارت پاور ڈویژن کی ہدایات کے باوجود گیپکو افسر بااثر نادہندگان سے واجبات وصول نہ کرسکے جن کے ذمہ گیپکو کے 1 ارب60 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ہوچکے ہیں جن میں صنعتی یونٹس اور کمرشل کنکشن شامل ہیں۔ گیپکو افسر ہیڈ کوارٹرز میں میٹنگز میں مصروف جبکہ لائن سپرنٹنڈنٹ اور ٹیکنیکل عملہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کو تحفظ دینے لگا۔ ذرائع کے مطابق پانچ سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود پرانے نادہندگان سے 1ارب 60کروڑ10 لاکھ روپے کی ریکوری التوا کا شکار ہے اور گیپکو حکام نے ان کے کنکشنز منقطع کرکے میٹر بھی قبضہ میں لے رکھے ہیں، پانچ سال قبل 25 ہزار سے زائد صارفین ڈیڈ ڈیفالٹرز قرار د ئیے گئے تھے جن سے واجبات کی وصولی نہیں ہوسکی۔گیپکو حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان بااثر نادہندگان سے ریکوری کیلئے ان کے خاندان کے کوائف اکٹھے کرنا شروع کرد ئیے ہیں جن کی جائیدادیں ضبط کرنے کیلئے محکمہ ریونیو کو ڈیٹا ارسال کیا جائے گا لیکن تاحال ریکوری نہیں ہوسکی ۔