پی پی ایس سی نے مختلف محکموں کے نتائج کا اعلان کر دیا
کال لیٹرز کا ویب سائٹ پر اجرا، ایس ایم ایس اور ای میل سے اطلاع
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی)نے مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔ سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد کے مطابق کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جبکہ انٹرویو کے لئے کال لیٹرز ویب سائٹ پر جلد اپ لوڈ کئے جائیں گے اور امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔نتائج کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل کی دو اسامیوں پر دس امیدوار کامیاب ہوئے ، جن میں شگفتہ نذیر، ماریہ بی بی، آمنہ نسیم، عائشہ شاہد، سید علی رضا عباس اور جاوید اقبال شامل ہیں۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ میں ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر کی ایک اسامی پر تین امیدوار انٹرویو کے لئے اہل قرار پائے۔، جن میں عدیل اشرف، محمد عثمان مجید اور جاوید حسن شامل ہیں۔ اسی محکمے میں اسسٹنٹ پروفیسر پتھالوجی کی دس اسامیوں پر دس امیدوار کامیاب ہوئے ، جن میں فاطمہ منظور، نمرہ نعیم، رمیشہ زاہد شاہ، اقرا تقی، افراح احمد اور ایما جمیل شامل ہیں، جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر ای این ٹی کی دو اسامیوں پر طیبہ خالد اور زہرا علیم کامیاب قرار پائی ہیں۔اسسٹنٹ پروفیسر آف کارڈیالوجی کی اٹھارہ اسامیوں میں سترہ امیدوار کامیاب ہوئے ، جن میں انعام الرحمان، زوہیب صدیق، جاویریہ حسین اور محمد نعیم طارق شامل ہیں۔ پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر کی 30 اسامیوں پر تمام 30 امیدوار کامیاب قرار پائے ۔