انسداد ڈینگی اقدامات،انتظامیہ متحرک

انسداد ڈینگی اقدامات،انتظامیہ متحرک

محکمہ جاتی رابطے مربوط ، یومیہ بنیاد پر سرویلنس ، ڈینگی لاروا کی تلفی ، حساس مقامات کی نشاندہی، قبرستانوں، ٹائر شاپس ، کباڑخانوں، تعمیراتی ، حساس مقامات کی مانیٹرنگ کا حکم عوام گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں ، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، ڈی سی نعمان صدیق، ٹاؤن ہسپتال ایس بلاک کا دورہ ، مریضوں کی عیادت

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم کو مؤثر بنانے کے لئے تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ بھرپور اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو ڈینگی کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کو یقینی بنائیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی بروقت نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی جبکہ ڈینگی سرویلنس، ان ڈور و آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ قبرستانوں، ٹائر شاپس، کباڑ خانوں، تعمیراتی مقامات اور دیگر حساس مقامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور جہاں بھی ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی جائے وہاں فوری تدارکی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں شہریوں میں آگاہی مہم بھی تیز کریں تاکہ عوام گھروں اور اردگرد پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نعمان صدیق نے ٹاؤن ہسپتال ایس بلاک کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے علاج معالجہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وارڈز میں جا کر مریضوں سے ملاقات کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں