ترقیاتی کاموں پر دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے ،مرتضیٰ وہاب
شاہراہِ نور جہاں ہم نے بنائی، جماعت اسلامی نے شکریہ کا بورڈ لگا دیا،میئرتنقید اور تعصب کی سیاست کے بجائے مثبت طرز عمل کو اپنانا ہوگا ،گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے معاملے میں دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے اور عوامی وسائل کو شفاف طریقے سے خرچ کیا جانا چاہیے ۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ موجودہ سال کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے اور شہر میں 46 ارب روپے کی اسکیموں کے ساتھ ساتھ تقریباً ساڑھے پانچ ارب روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ مزید 13 ارب روپے کراچی کی گلیوں اور محلوں کو بہتر بنانے پر خرچ کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ترقیاتی پروگرام میں اسکیمیں شامل نہیں اور وسائل موجود نہیں، تاہم اگر وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ گلبرگ کی سڑک تعمیر کی گئی ہے تو یقیناً اس کے لیے کہیں نہ کہیں سے فنڈز فراہم کیے گئے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ نور جہاں کی تعمیر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کی گئی لیکن نعیم الرحمان کے ساتھیوں نے وہاں جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرنے والا بورڈ لگا دیا، انہوں نے کہا کہ تنقید اور تعصب کی سیاست کے بجائے مثبت طرز عمل اپنانا ہوگا تاکہ شہر کی ترقی ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے ۔ شہر میں سیاسی جماعتوں کو تشہیری مہم کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے ۔