میلسی میں ڈی پی ایس اور جم خانہ منصوبے کی منظوری
کمشنر ملتان کی زیر صدارت اجلاس میں فوری اقدامات کی ہدایت کردی گئی
میلسی (نامہ نگار، نمائندہ دنیا ) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت میلسی میں ڈی پی ایس اور جم خانہ کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد گورائیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلمان اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ڈی پی ایس کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر فوری عملی اقدامات شروع کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ڈی پی ایس سے علاقے میں تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔ بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے لیے پیشگی منصوبہ بندی شروع کی جائے تاکہ منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے ۔ نئے سکول میں کشادہ کلاس رومز، بہترین تدریسی ماحول اور طلبہ کے لیے تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے ،اجلاس میں جم خانہ کے قیام کے لیے موزوں جگہ کا جائزہ لینے اور موجودہ کلب کو فعال بنانے کے امکانات کا بھی تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ جدید تعلیمی ادارے طلبہ کو بہتر ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کریں گے ۔