نیا تعلیمی سیشن، سکولوں میں داخلہ اہداف مقرر
محکمہ کے اعلیٰ افسروں کو ٹارگٹ دے دیا گیا ، خصوصی اقدامات کا حکم
ملتان(خصوصی رپورٹر) ملتان سمیت پنجاب بھر کے سکولوں میں نئے تعلیمی سیشن میں داخلوں کے ٹارگٹ مقرر تفصیل کے مطابق نے تعلیمی سال 2026-27 کے لئے انرولمنٹ ٹارگٹس مقرر کرتے ہوئے صوبہ بھر کے تعلیمی افسروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کسی بھی بچے کو سکول سے باہر نہ رہنے دیا جائے ۔محکمہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق زیرو آؤٹ آف سکول چلڈرن کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے تمام اضلاع کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس مقصد کے تحت انرولمنٹ مہم کو مؤثر بنانے ، گھر گھر آگاہی مہم چلانے اور سکول نہ جانے والے بچوں کو داخل کروانے پر زور دیا گیا ہے ۔دستاویز کے مطابق ہر ضلع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر اپنے اہداف مقرر کرے اور ان کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنائے ۔ مزید کہا گیا ہے کہ انرولمنٹ میں اضافے کے لئے کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور والدین کو بچوں کی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے ۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ افسروں اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لئے عملی اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں ضلعی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں داخلوں میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔