کم عمری میں شادی کیلئے جعلسازی، اینٹی کرپشن میں درخواست دائر
جعلی پیدائش سرٹیفکیٹ بنا کر بچی کوبالغ ظاہر کیا ، یو سی اہلکاروں سمیت 7 افراد نامزد
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) کم عمری کی شادی کو قانونی شکل دینے کے لیے مبینہ جعلسازی کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن میں درخواست دائر کر دی گئی۔ بستی مولوی واہ فیض کے رہائشی محمد امتیاز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی بیٹی کی کم عمری میں جبری اور غیر قانونی شادی کرائی گئی اور اس مقصد کے لیے جعلی دستاویزات تیار کی گئیں۔درخواست گزار کے مطابق ان کی بیٹی رفیعہ بی بی کی اصل تاریخ پیدائش 29 جون 2008 ہے جس کا ریکارڈ یونین کونسل نمبر 28 موضع اکبر شاہ میں موجود ہے ، تاہم ملزمان نے مبینہ ساز باز سے یونین کونسل نمبر 4 چک 95 ڈبلیو بی سے جعلی پیدائش سرٹیفکیٹ جاری کروایا جس میں تاریخ پیدائش 13 جولائی 2007 درج کی گئی تاکہ بچی کو بالغ ظاہر کیا جا سکے ۔محمد امتیاز نے بتایا کہ ان کی اپنی شادی 29 جون 2008 کو ہوئی تھی جسے وہ کمپیوٹرائزڈ میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سے ثابت کر چکے ہیں، اس لیے بیٹی کی 2007 میں پیدائش ممکن نہیں، جو جعلسازی کا واضح ثبوت ہے ۔درخواست میں یونین کونسل سیکرٹری، نکاح خواں، رجسٹرار سمیت سات افراد کو نامزد کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے ۔