ایکسائز کے چھاپے ‘غیر قانونی سگریٹ کے 547 پیکٹ برآمد
دکانداروں کو نوٹس جاری، ٹیکس چوری کسی صورت برداشت نہیں :ایکسائز آفیسر
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی جانب سے نان ڈیوٹی پیڈ اور غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز رائے بشیر کھرل نے ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں دکانوں پر چھاپے مارے ۔کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 547سگریٹ کے پیکٹس برآمد کیے گئے جو بغیر ٹیکس اور ڈیوٹی کے فروخت کیے جا رہے تھے ۔
چھاپوں میں انسپکٹر عامر سہیل، عمران فاضل، طاہر بھٹی، جاوید اور وقار نے حصہ لیا۔دورانِ کارروائی دکانداروں کو موقع پر قانونی نوٹس جاری کیے گئے جبکہ برآمد شدہ سگریٹ سرکاری تحویل میں لے لیے گئے ۔ ایکسائز آفیسر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ٹیکس چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ٹیکس چوری کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔