مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے تین ملزم گرفتار، ایک فرار
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پولیس نے بیٹ اتراء لنک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی میں جواء کھیلنے والے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہو گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نقدی اور مرغے بھی برآمد کر لیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ قصبہ گجرات کی حدود موضع بیٹ اتراء نزد پٹرولنگ پوسٹ غازی گھاٹ ون وے روڈ پر چند افراد مرغوں کی لڑائی میں رقم لگا کر جواء کھیل رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری چھاپہ مار کر موقع پر کارروائی کی۔پولیس نے محمد علیم، محمد اقبال اور محمد نواز کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 14 ہزار 500 روپے نقدی اور 3 مرغے برآمد کر کے قبضہ میں لے لیے گئے ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف قمار بازی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔