قصبہ گجرات میں حافظہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کی کوشش
والدین اور سماجی حلقوں کی انتظامیہ کی غفلت پر شدید تشویش، انصاف کامطالبہ
قصبہ گجرات (نمائندہ دنیا)تھانہ قصبہ گجرات کی حدود میں گورنمنٹ ہائی سکول کہاوڑ محمود کوٹ سٹیشن کے امتحانی مرکز میں میٹرک کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش سامنے آئی، جس نے علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا کر دی۔ متاثرہ طالبہ کے والد نے بتایا کہ امتحان کے دوران نگران سمیع الحق شیخ نے انہیں علیحدہ کمرے میں لے جا کر نامناسب حرکات کی کوشش کی جبکہ طالبہ کے شور مچانے پر ملزم وہاں سے فرار ہو گیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر طالبہ کو خاموش رہنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
ذرائع کے مطابق امتحانی مرکز کی انتظامیہ پر بھی سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ نگران کو انتظامی اختیارات اور غیر معمولی آزادی حاصل تھی، جس نے اس افسوسناک واقعہ کو جنم دیا۔ متاثرہ خاندان کی درخواست پر متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔علاقہ مکینوں، والدین اور سماجی حلقوں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزم کو سخت سزا دی جائے اور اگر انتظامی غفلت یا ملی بھگت ثابت ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اہل علاقہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ متاثرہ طالبہ کے انصاف کے لیے ہر ممکن آواز بلند کریں گے اور ایسے عناصر کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے ۔