کوٹ ادو میں وارداتیں، شہری لاکھوں کے مال وزرسے محروم
موٹر سائیکل، سولر پلیٹس، موبائل فون اور انورٹر چوری، مقدمات درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلع کوٹ ادو کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں شہری موٹر سائیکل، سولر پلیٹس، موبائل فون اور سولر انورٹر سے محروم ہو گئے ۔ پولیس نے متاثرہ افراد کی شکایات پر مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پہلا واقعہ تھانہ صدر کوٹ ادو کے علاقہ چاہ چانڈیہ والا کھر غربی سنانواں میں پیش آیا جہاں محمد ابوبکر چانڈیہ کی موٹر سائیکل ماڈل 2022 چوری ہو گئی۔ دوسرے واقعہ میں تھانہ قصبہ گجرات کے علاقہ موضع ویرڑ سپرا میں بشیر احمد کی دو سولر پلیٹس مالیتی 30 ہزار روپے چوری کر لی گئیں۔
تیسرے واقعہ میں موضع بیٹ اتراء کی رہائشی نسیم اختر کا موبائل فون نوٹ 50 انفنکس بمعہ سم مالیتی 38 ہزار روپے چوری ہو گیا۔ چوتھے واقعہ میں تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقہ گفتار آباد کے گورنمنٹ پرائمری سکول میں نصب سولر انورٹر مالیتی 50 ہزار روپے چوری کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور جلد گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں نے بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔