نرسنگ کے امتحانات میں یونیفارم لازمی قراردیدیا گیا
بغیر یونیفارم طالبات کو داخلہ نہیں ملے گا، بورڈ کی سخت ہدایات جاری
ملتان (لیڈی رپورٹر)نرسنگ طالبات کے لئے امتحانات میں شرکت کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے تحت امتحانی مراکز میں داخلہ صرف یونیفارم میں ہی ممکن ہوگا۔ کنٹرولر نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ کی جانب سے جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام نرسنگ طالبات کے لئے امتحان کے دوران مقررہ یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ہدایات کے مطابق بغیر یونیفارم کے آنے والی طالبات کو امتحانی سنٹر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور وہ امتحان میں شرکت سے محروم رہیں گی۔ اس اقدام کا مقصد نظم و ضبط برقرار رکھنا اور یکساں تعلیمی ماحول کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ نے تمام نرسنگ کالجز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے تاکہ امتحانی عمل شفاف اور منظم طریقے سے مکمل ہو سکے ۔