حکومت کچرا اٹھانے کے نام پر کروڑوں لوٹ رہی ، منعم ظفر
سالڈ ویسٹ کا 43ارب روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود کوئی موثر نظام موجود نہیںٹاؤنز کی ذمہ داری نہ ہونے کے باوجود ہمارے چیئرمین صفائی کر رہے ہیں،خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کچرا اٹھانے کے نام پر اہل کراچی کے کروڑوں روپے لوٹ رہی ہے ، کچرا اٹھانے کا کام سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ہے جو سندھ حکومت کے ماتحت اور قابض میئر اس کے چیئرمین ہیں،عوام ان سے سوال کرتے ہیں کہ یہ محکمہ کیوں ناکام ہوا اور کیوں سڑک کنارے اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں،کچرا اٹھانا ٹاؤن کی ذمہ داری نہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے ٹاؤن چیئرمین اپنے بجٹ سے صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے کاموں سے جن کو تکلیف ہے ان کیلئے صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ محنت کرحسد نہ کراور اپنے حصے کاکام پورا کر۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ بلاک 7یوسی 4میں تزئین وآرائش اور تعمیر نو کے بعد عوام کے لیے کھولے گئے فیملی پارک باغ علی کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منعم ظفر نے مزید کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا سالانہ بجٹ 43ارب اور واٹر کارپوریشن کا 47ارب ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ آدھے سے زیادہ شہر کو پینے کا پانی میسر نہیں اور کچرا اٹھانے کا کوئی موثر نظام موجود نہیں۔