دوماہ میں قابض میئرسے چھٹکارہ ناگزیر،سیف الدین ایڈووکیٹ
تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت میں دیگر جماعتیں متحد،مرتضیٰ وہاب مصیبت بن گئے حکومت الیکشن تک موجودہ سیٹ اپ چاہتی ، جماعت اسلامی تیار نہیں،پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ قابض میئر مرتضی وہاب کراچی کیلئے مصیبت بن گئے ہیں،دوسال بطور ایڈمنسٹریٹر اور 3سال قابض میئر ان کی 5سالہ کارکردگی صفر ہے ۔اربوں کے ٹیکسز دے کر بھی کراچی مسائل کا گڑھ بنا ہوا۔ترقیاتی اسکیموں میں میگا کرپشن اور ناقص کارکردگی پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی محکموں میں نااہلی و کرپشن عروج پر ہے اور من پسند لوگوں کو ٹھیکے دیے جارہے ہیں، اسی کرپشن اور نااہلی پر حافظ نعیم الرحمن نے عدم اعتماد تحریک لانے کی ہدایت کی ہے ، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے 127 ارکان ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کے ارکان بھی مکمل رابطہ میں ہیں، مسلم لیگ ن نے ہمارے موقف سے اتفاق کیا اورتحریک انصاف، جے یو آئی، تحریک لبیک بھی ہمارے ساتھ ہے ،تمام جماعتوں نے پیپلزپارٹی کو ہی مسائل کی جڑ قرار دیا ،سندھ حکومت نئے الیکشن تک موجودہ سیٹ اپ چاہتی ہے لیکن جماعت اسلامی اسے قبول کرنے کیلئے تیار نہیں،2ماہ میں قابض میئرسے چھٹکارا حاصل کرنا ضروری ہے اس لیے عدم اعتماد ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ میئر کے قریب ترین لوگ کرپشن کے اس دھندے میں شامل ہیں، شہر بھر میں ڈیجیٹل اسٹیمر کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں، کنٹریکٹ، ٹینڈر کا بھی کوئی ریکارڈ نہیں۔