سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ، دکانداروں کیخلاف کارروائی

سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ، دکانداروں کیخلاف کارروائی

رات آٹھ بجے دکان بند نہ کرنے اور پولیس سے مزاحمت پرمقدمہ درج،آپریشن جاری

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) حکومتی احکامات کی روشنی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ تھانہ دائرہ دین پناہ کی حدود میں رات 8 بجے کے بعد دکان کھلی رکھنے پر ایک دکاندار کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق دوران گشت مین روڈ پر واقع اے کے موبائل شاپ کھلی پائی گئی جہاں دکان کے اندر اور باہر روشنیاں جل رہی تھیں۔

پولیس نے دکاندار محمد کامران کو حکومتی ہدایات کے مطابق دکان بند کرنے کی ہدایت کی، تاہم اس نے احکامات پر عمل کرنے سے انکار کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار نے نہ صرف دکان بند کرنے سے انکار کیا بلکہ مزاحمت بھی کی جس پر اس کیخلاف دفعات 186 اور 188 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کریں تاکہ قانون کی عملداری برقرار رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں