جنگ رکوانے پرسفارتی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھا :علما
پاکستانی قیادت نے دنیا کو تباہی سے بچالیا،آج یوم تشکر ودعا منائیں گے
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پریس کلب میں تمام مکاتب فکر کے علماکرام اور ممبران امن کمیٹی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ معرکہ حق آپریشن بنیان المرصوص کے بعد عالمی کشیدگی کے خاتمے اور ایران امریکہ جنگ رکوانے پرسفارتی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھا ہے اور وہ امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے ،پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے دنیا کو تباہی سے بچانے کیلئے نمایاں کردار ادا کیا،ایران اور امریکہ جنگ میں ثالث کا کردار پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے ،ہم وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فعال مخلصانہ مدبرانہ بصیرت پر خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی اور امن کیلئے تاریخی کامیابی پر آج جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم تشکر و دعا منائیں گے ۔اس موقع پر علامہ پیر خالد حسن مجددی، یوسف کھوکھر، مولانا اکبر نقشبندی،علامہ کاظم ترابی،مولانا عثمان غنی بٹ، حافظ شہباز رسول،مولانا عمران اللہ ربانی ،پادری عارف سراج،حافظ عدیل عارف،بابر کھرانہ، مولانا خالد محمود سرفرازی، غلام رضا نقوی،سریندر سنگھ، ڈاکٹر احمد نورانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ بعدازاں تمام مکاتب فکر کے علمااور ممبران امن کمیٹی نے پریس کلب کے باہر پاک فوج کے حق میں مظاہرہ کیا اورکہا کہ پوری قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، فیلڈ مارشل کی جرات مندانہ پالیسیوں سے پاکستان شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے ۔