گوجرانوالہ میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز
ابتدا میں بسیں شہرکے اہم روٹس پر چلائی جا رہی‘سروس کو مرحلہ وار دیگر اضلاع،تحصیلوں تک توسیع دی جائیگی:کمشنر ، ڈی سی
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر‘سٹاف رپورٹر) وزیرا علیٰ پنجاب کے احکامات پر گوجرانوالہ میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مفت پبلک ٹرانسپورٹ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ممبر صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار اور سیکرٹری آر ٹی اے شبیر بٹ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور رکن اسمبلی نے کہا پٹرولیم مصنوعات کے عالمی بحران کے پیش نظر عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سفری اخراجات میں نمایاں ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ مفت بس سروس کے آغاز سے نا صرف روزمرہ سفر میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ شہریوں کا مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔ حکومت کایہ اقدام بڑے عوامی ریلیف پیکیج کا حصہ ہے جسکا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے ۔شہریوں نے اس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے ۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کہا ابتدائی مرحلے میں بسیں شہر کے اہم روٹس پر چلائی جا رہی ہیں جہاں روزانہ ہزاروں مسافر ان سے مستفید ہونگے ۔ ٹرانسپورٹ سروس میں خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کیلئے بھی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ مفت ٹرانسپورٹ سروس کو مرحلہ وار دیگر اضلاع،تحصیلوں تک بھی توسیع دی جائیگی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔