ہسپتال کے سٹینڈ، کینٹین پر اوورچارجنگ ‘3افراد گرفتار
ڈپٹی کمشنر کا دورہ ، ہسپتال کی فارمیسی کا بھی معائنہ ، ادویات کی مفت فراہمی کا جائزہ
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے اچانک ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام وارڈز، ایکسرے روم، الٹراساؤنڈ روم اور وہیل چیئرز کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے طبی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سائیکل اسٹینڈز اور کینٹین پر اوورچارجنگ پر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کروادیا۔ انہوں نے ہسپتال کی فارمیسی کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو مفت ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں میں بہترین سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے ۔