سموگ تدارک، سکولوں سے ماحولیاتی سرگرمیوں کی رپورٹس طلب
سموگ تدارک، سکولوں سے ماحولیاتی سرگرمیوں کی رپورٹس طلبمیاواکی جنگلات، گرین پیچز ، ڈسٹ بنز بارے تفصیلات جمع کرانیکی ہدایت
ملتان(خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کرتے ہوئے صوبے بھر کے سکولوں سے ماحولیاتی سرگرمیوں کی تازہ رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کی جانب سے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دو روز کے اندر مکمل رپورٹ جمع کروائیں۔حکام نے سکولوں میں میاواکی جنگلات، گرین پیچز، گھاس کی تنصیب اور ڈسٹ بنز کی فراہمی سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔ اس کے علاوہ سکولوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور میاواکی فاریسٹ منصوبے پر پیش رفت کی رپورٹ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔تمام ڈیٹا ایکسل فارمیٹ میں ای میل کے ذریعے بھجوانے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ اعلیٰ حکام کو بروقت آگاہی حاصل ہو سکے ۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی بہتری کو یقینی بنانا اور سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ہے ۔