پولیس مقابلہ ، مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،تین فرار

پولیس مقابلہ ، مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،تین فرار

پولیس مقابلہ ، مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،تین فرارزیر حراست ملزم رمضان 200مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ، اسلحہ بھی برآمد

ملتان(کرائم رپورٹر) تھانہ بی زیڈ کے علاقے بوعہ پور کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چوری و ڈکیتی کے 200 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو رمضان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کے مطابق گشت اور ناکہ بندی کے دوران چار مشکوک افراد دو موٹرسائیکلوں پر آتے دکھائی دیے جنہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر جان سے مار دینے کی نیت سے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے گاڑی اور سڑک کی اوٹ میں ہو کر اپنی حفاظت کی اور جوابی کارروائی میں ہوائی فائر کیے ۔کچھ دیر فائرنگ کے بعد تین ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے جبکہ ایک ملزم موقع پر زخمی حالت میں پڑا پایا گیا جس کے دائیں پاؤں کے ٹخنے سے خون بہہ رہا تھا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا۔زخمی ملزم نے اپنی شناخت محمد رمضان ولد عبدالمجید، سکنہ فاروق پورہ ملتان کے نام سے کروائی۔ ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ وہ 200 سے زائد راہزنی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی اور تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں