100من مردہ اور بدبودارمرغیاں تلف،گاڑی ضبط
گوشت ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس ، پولٹری شاپس پر سپلائی کیا جانا تھا، مقدمہ درج
ملتان، جہانیاں(لیڈی رپورٹر، نمائندہ دنیا) صحتِ عامہ کے محافظ متحرک،پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بہاولپور روڈ اڈہ بلی والا میں بڑا کریک ڈاؤن، 100من مردہ مرغیاں تلف،گاڑی ضبط،مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بہاولپور روڈ اڈہ بلی والا کے قریب خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران صحت دشمن مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مردہ مرغیوں کی غیر قانونی ترسیل کو ناکام بنا دیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس میں سے تقریباً 100من (چار ہزارکلوگرام) مردہ اور بدبودار مرغیاں برآمد ہوئیں۔ مضر صحت گوشت کو فوری طور پر موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت مقدمہ درج کرا کرگاڑی پولیس کے حوالے کر دی گئی۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کے مختلف ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس اور پولٹری شاپس پر سپلائی کیا جانا تھا۔جو شہریوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک عمل ہے انہوں نے واضح کیا کہ ناقص اور حرام گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں جعل سازی اور مضر صحت خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کا خاتمہ ادارے کی پہلی ترجیح ہے اور عوام کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ گوشت کی خریداری صرف مستند اور رجسٹرڈ دکانوں سے کریں۔