بھانن والا :واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح، صاف پانی میسر

بھانن والا :واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح، صاف پانی میسر

ملک منظور احمد ڈومرا نے افتتاح کیا، عوامی مسائل کا حل ترجیح ،پیپلزپارٹی رہنما

ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنما ملک منظور احمد ڈومرا نے پی پی 214 یونین کونسل 78 بھانن والا میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوامی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیتے آئے ہیں اور مسائل کو میرٹ اور دیانتداری کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ پی پی 214 میرا گھر ہے اور یہاں کے مسائل کا حل میری اولین ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل 78 بھانن والا میں پینے کے صاف پانی کا شدید مسئلہ تھا کیونکہ زیر زمین پانی انتہائی آلودہ ہو چکا تھا جو نہ صرف پینے بلکہ دیگر استعمال کے بھی قابل نہیں رہا تھا۔

اس صورتحال کے پیش نظر علاقہ مکینوں کی دیرینہ خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا گیا تاکہ لوگوں کو صاف اور شفاف پانی میسر آ سکے اور وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔تقریب کے میزبان ملک مشتاق تھہیم نے فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان یونین کونسل 78 اس اقدام پر بے حد مشکور ہیں کیونکہ اس سے پینے کے صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آلودہ پانی کے باعث علاقے کے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے تھے ، تاہم اس منصوبے سے صحت کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں