نظام میں تبدیلی کے بغیر حقوق ملنا ناممکن،انیلہ محمود

نظام میں تبدیلی کے بغیر حقوق ملنا ناممکن،انیلہ محمود

چہرے بدلنے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے ، جلسے سے خطاب

ملتان (کرائم رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر انیلہ محمود نے کہا ہے کہ موجودہ فرسودہ نظام میں تبدیلی کے بغیر عوام کو حقیقی حقوق نہیں مل سکتے ، اور محض چہرے بدلنے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ نظام کی اصلاح ناگزیر ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان میں منعقدہ خواتین کے بڑے جلسہ عام ہر دل تک قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب ناظمہ صوبہ و نگران ممبرسازی مہم ثمینہ روحی، نائب ناظمہ صوبہ شازیہ شیر افضل، ناظمہ ضلع ملتان رضیہ عابد، نائب ناظمہ ضلع ارم امین سمیت دیگر ذمہ داران اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر انیلہ محمود نے کہا کہ آج عام آدمی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے۔

پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہا ہے جبکہ حکمران طبقہ اپنی مراعات کم کرنے پر تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور ناقص پالیسیوں کے باعث عام شہری پس رہا ہے ، جبکہ تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبے بھی زوال پذیر ہیں۔ لاکھوں بچے آج بھی تعلیم سے محروم ہیں اور سرکاری اداروں کی نجکاری عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں خواتین کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے کہ وہ معاشرے کی اصلاح اور بہتری کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ممبرشپ مہم دراصل ایک اصلاحی تحریک ہے جس کا مقصد معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوام کو ان کے حقوق کے لیے منظم کرنا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں