بوریوالا میں منشیات کا پھیلاؤ، شہری شدید پریشان
گلی محلے اورآبادیاں نشئیوں سے بھر گئیں،تعلیمی ادارے بھی غیر محفوظ
بوریوالا، گگومنڈی (سٹی رپورٹر، نامہ نگار) سرکل بوریوالا میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان نے شہری زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے ، جبکہ گلی محلے اور آبادیاں نشئی افراد سے بھر گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق بوریوالا شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں منشیات اور نشہ آور ادویات کی سرعام فروخت جاری ہے جس کے باعث گلیوں اور بازاروں میں نشئی گروہوں کی صورت میں بیٹھے افراد انجکشن لگاتے اور آئس کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ہر روز ایک سے دو نشئی افراد کی اموات بھی معمول بنتی جا رہی ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے بجائے اکثر عام نشئی افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جس سے اصل عناصر بے لگام ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ صحت اور پولیس دونوں ادارے منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار کو روکنے میں ناکام ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے بھی اس مکروہ دھندے سے محفوظ نہیں رہے ، جس پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔