تھانہ ٹبہ سلطانپور میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی ہدایت
ڈی پی او وہاڑی کا دورہ،فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ اور زیر تعمیر خدمت مرکز کا معائنہ
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال نے تھانہ ٹبہ سلطانپور کا مبینہ طور پر اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، ریکارڈ اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔سرپرائز وزٹ کے دوران ڈی پی او نے فرنٹ ڈیسک، حوالات، تھانے کی بلڈنگ، صفائی ستھرائی اور دیگر متعلقہ امور کو چیک کیا۔ انہوں نے فرنٹ ڈیسک پر موجود پینڈنگ درخواستوں، آن لائن اور مینول ریکارڈ کی تکمیل کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور ریکارڈ کی درستگی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔اس موقع پر تصور اقبال نے کہا کہ تھانہ جات کی عمارتوں کو بہتر حالت میں رکھا جائے جبکہ صفائی ستھرائی اور ضروری مرمت کے امور میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تھانہ ٹبہ سلطانپور میں زیر تعمیر پولیس خدمت مرکز کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم ہو سکیں۔ڈی پی او وہاڑی نے کہا کہ تھانہ جات کے اچانک دوروں کا مقصد پولیس افسران کی کارکردگی کو جانچنا، استعداد کار میں اضافہ کرنا اور سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس نظام میں مؤثر چیک اینڈ بیلنس کے لیے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔