جرائم کی شرح میں نمایاں کمی، پولیس کے مؤثر اقدامات کے دعوے
رابری، مویشی اور وہیکل چوری کے واقعات میں کمی ، عوامی حلقوں کا اظہار اطمینان
وہاڑی (خبرنگار) ضلعی پولیس ترجمان کا دعویٰ ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے مقابلے میں سال 2026 کے دوران ذوالحج کے پہلے 10 ایام میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ رابری کے واقعات میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی جہاں سال 2025 میں رپورٹ ہونے والے 46 واقعات کم ہو کر سال 2026 میں صرف 8 رہ گئے ، جس کے نتیجے میں 83 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح مویشی چوری کے 44 واقعات کم ہو کر 17 اور وہیکل چوری کے 48 واقعات کم ہو کر 19 رہ گئے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وہاڑی پولیس کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر اختیار کی گئی حکمت عملی، گشت اور سکیورٹی اقدامات کو سراہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی مؤثر حکمت عملی سال بھر جاری رکھی جائے تو جرائم میں مزید کمی ممکن ہے اور عوام کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے ۔