شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
چوتھی منزل کی وائرنگ، دو بلوور موٹرز اور ایک اے سی یونٹ جل کر تباہ
ملتان (کرائم رپورٹر)بوسن روڈ پر واقع معروف شاپنگ پلازہ مال آف ملتان کی چوتھی منزل پر قائم فوڈ کورٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز پیش آیا جس کے باعث مال میں موجود شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے چوتھی منزل کی وائرنگ، دو بلوور موٹرز اور ایک اے سی یونٹ جل کر تباہ ہوگیا جبکہ فوڈ کورٹ میں قائم کے ایف سی کا سامان اور کھانے پینے کی اشیاء بھی آگ کی زد میں آگئیں۔ واقعے کے وقت مال میں 350 سے زائد شہری موجود تھے اور بھگڈر مچنے سے متعدد افراد معمولی زخمی ہوگئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تحقیقات جاری ہیں۔