عیدالاضحیٰ پر بجلی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہا
220 سے زائد ٹیمیں شکایات کے فوری ازالے کیلئے متحرک رہیں
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں عیدالاضحیٰ کے تینوں روز شدید گرمی کے باوجود بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہا۔ عید ایام میں صارفین کو بجلی کی بلاتاخیر فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد کی نگرانی میں اعلیٰ افسران نے پاور ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر میں خدمات سرانجام دیں اور چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کی مانیٹرنگ جاری رکھی۔ انفرادی شکایات کے فوری ازالے کیلئے 220 سے زائد ٹیمیں الرٹ رہیں جبکہ کسٹمر فسیلٹیشن سنٹرز، کسٹمر سروسز سنٹرز اور کمپلینٹ سنٹرز میں بھی عملہ مسلسل ڈیوٹی انجام دیتا رہا۔انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا کہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میپکو کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاور کنٹرول سنٹر، سرکل کنٹرول رومز اور ضلعی کنٹرول رومز میں افسران و عملہ مسلسل فرائض انجام دیتا رہا جبکہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی نگرانی میں فیلڈ سٹاف بھی متحرک رہا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات موصول ہوئیں جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں ٹرانسفارمرز تبدیل کئے گئے ۔ میپکو کے ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ شعبہ کے افسران نے مختلف مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی چیکنگ بھی کی۔