وزیراعلیٰ پنجاب کے عید گفٹ کی تقسیم، نئی روایت قرار
مونڈکا (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات کے لیے عید گفٹ بھجوائے گئے ، جسے مختلف حلقوں کی جانب سے ایک مثبت اور خوش آئند روایت قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عید گفٹ فراہم کیے گئے ۔ اس سلسلے میں ایم این اے و سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نواب زادہ افتخار احمد خان نے اپنے عید گفٹ اپنی رہائش گاہ سیف نگر خان گڑھ میں وصول کیے ۔گفٹ وصولی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواب زادہ افتخار احمد خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلا تفریق عید کی خوشیوں کو بڑھانے کے لیے عید گفٹ کی صورت میں ایک خوبصورت اور دل موہ لینے والی روایت کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک اچھی اور قابل تقلید روایت قرار دیا۔