4لڑکیوں سمیت 5 افراد کو اغو ا کرلیا گیا ،مقدمات درج
ملتان (کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں اغوا کے واقعات پر پولیس نے متعدد نامزد اور نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تھانہ بی زیڈ کے علاقے میں فرحان نے پولیس کو درخواست دی کہ اس کی اہلیہ گھر سے باہر گئی ہوئی تھی، اسی دوران نامعلوم ملزم اس کی بیٹی کو اغوا کرکے فرار ہوگئے ۔تھانہ بستی ملوک میں غلام شبیر نے مؤقف اختیار کیا کہ نامعلوم افراد اس کی بیٹی کو اغوا کرکے لے گئے ۔ سیتل ماڑی کے علاقے میں مختیار مائی نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بیٹا سامان لینے گھر سے نکلا لیکن واپس نہ آیا ۔ تھانہ جلیل آباد میں فیض الحسن نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی بیٹی لائبہ کالج گئی تھی مگر واپس گھر نہ پہنچی۔ دوسری جانب تھانہ قطب پور کے علاقے میں مقصود نے الزام عائد کیا کہ حیدر، وسیم اور دیگر ملزم اس کے گھر آئے ، مبینہ طور پر گھر والوں پر اسپرے کرکے بے ہوش کیا اور اس کی بہن سعدیہ کو زبردستی کیری ڈبے میں بٹھا کر اغوا کرکے لے گئے ۔