خواتین کی مالیاتی خودمختاری کے لئے خصوصی آگہی سیشن
اپواء مرکز نواں شہر میں فنانشل لٹریسی پروگرام، بینک حکام کی شرکت
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان وومن ایسوسی ایشن (اپواء) مرکز نواں شہر ملتان کے زیر اہتمام خواتین میں مالیاتی آگہی اور خودمختاری کے فروغ کے لئے خصوصی فنانشل لٹریسی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں اسٹیٹ بینک کی نمائندہ کرن امجد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بینک الحبیب کے نمائندگان نے خواتین کو جدید بینکاری نظام، مالیاتی منصوبہ بندی، بچت کی اہمیت اور مختلف بینکنگ سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگہی فراہم کی۔ ماریہ زبیر، ذوالفقار اور حسن نقوی نے خواتین کے لئے خصوصی سکیموں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ بینک خواتین کی معاشی خودمختاری کے لئے قرضہ جات، اسکوٹی اور الیکٹرک بائیک فنانسنگ سمیت متعدد سہولیات فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ آسانی سے اپنے کاروبار اور روزمرہ ضروریات پوری کر سکیں۔اس موقع پر کرن امجد، نازیہ یاسر، طاہرہ نجم، یاسمین بخاری اور عابدہ اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معاشی ترقی کے لئے مالیاتی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ مالیاتی شعور سے خواتین نہ صرف اپنی آمدن اور اخراجات کو بہتر انداز میں منظم کر سکتی ہیں بلکہ کاروباری مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے اس نوعیت کے آگہی پروگرامز کو خواتین کی معاشی خودمختاری کے لئے اہم قرار دیا ۔